بھارت

وزیر اعظم مودی ستیہ پال ملک کے بیان پر خاموشی توڑیں :کانگریس

نئی دہلی 16اپریل(کے ایم ایس) بھارت میں کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے 2019کے پلوامہ حملے سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات پر اپنی خاموشی توڑدیں اوراٹھنے والے سوالات کا جواب دیں۔
ستیہ پال ملک نے ایک نیوز پورٹل کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں پلوامہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے وزیر اعظم مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے ان خامیوں کے بارے میں بات کرنے سے منع کیاتھا جن کی انہوں نے نشاندہی کی تھی ۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور مواصلات کے انچارج جیرام رمیش نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ستیہ پال ملک کے انٹرویو کا حوالہ دیااور کہاکہ معاملہ سیکورٹی سے متعلق ہے۔انہوں نے کہاکہ ستیہ پال ملک کے انکشافات کے بعد لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت کا ردعمل کیا ہے۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس ایم پی نے کہا کہ یہ معاملہ مودی سے جڑا ہوا ہے۔ وزیر اعظم پر براہ راست سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے اہم مسائل پر وزیراعظم کے پاس صرف ایک ہی جواب ہوتا ہے اوروہ ہے ان کی خاموشی۔انہوں نے کہاکہ چین اور اڈانی کے معاملے پر وہ خاموش رہے۔ یہاں تک کہ کالے زرعی قوانین پر بھی وہ ایک سال تک خاموش رہے اور بعد میں انہیں یہ قوانین واپس لینے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کم سے کم نظم ونسق اور زیادہ سے زیادہ خاموشی اس حکومت کا اصول ہے۔ راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ بی جے پی ستیہ پال ملک کے انٹرویو کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپنے پارٹی ساتھی پون کھیرا کی جو کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ہیں، تائید کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہاکہ یہ ایک دھماکہ خیز انٹرویو ہے۔ الزامات بہت سنگین ہیں۔ یہ ایک ایسے شخص کی طرف سے آیا ہے جو بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں اور وزیر اعظم کے قریبی ساتھی رہے ہیں۔ کانگریس کی سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کی چیئرپرسن سپریاشری نیتے نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نے ستیہ پال ملک کو فون کیا اور پوچھا کہ کیا ہوا ہے۔ جب انہوں نے بتایاکہ ہماری ناکامی کی وجہ سے یہ واقع پیش آیا ہے، تو انہیں منہ بند رکھنے کو کہا گیا۔ این ایس اے کے مشیر ڈوول نے بھی انہیں خاموش رہنے کو کہا۔
دریں اثناء راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے ایگزیکٹو رکن رام مادھو کی طرف سے ملک کو قانونی نوٹس بھیجے جانے کے باوجود سیتہ پال ملک نے کہا کہ معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button