دنیا کو زیادہ محفوظ اور منصفانہ بنانے کی گروپ 20کی کوشش تنازعہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے
اسلام آباد 12 ستمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ دنیا کو زیادہ محفوظ اور منصفانہ بنانے کی گروپ 20کے ممالک کی کوشش اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے گروپ 20کے رکن ممالک کے سربراہان کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ رکن ممالک جن کا انسانی حقوق کے حوالے سے شاندار ریکارڈ ہے وہ کشمیریوں کاز کی حمایت اور مظلوم کشمیریوںکو بھارتی فوجیوں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ سے نجات دلانے میں اپنا اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔انہوں نے گروپ 20کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی دانشمندی اور اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے بھارت پرکشمیری عوام کے سیاسی اور جمہوری حقوق کا احترام کرنے اور کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے دبا ئو ڈالیں۔