کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کا شہید محمد ریاض کو خراج عقیدت
اسلام آباد09ستمبر(کے ایم ایس ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے معروف کشمیری حریت کارکن محمد ریاض المعروف ابو قاسم شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد ریاض کے گھرانے کی تحریکِ آزادیِ کیلئے انتہائی بیش بہا قربانیاں ہیں، ان کے والد اور بھائی کو بھی مقبوضہ جموںوکشمیر میں شہید کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ محمد ریاض ایک انتہا ئی شریف النفس انسان تھے ، وہ جذبہ آزادی سے لبریز تھے اور اپنے سینے میں اپنی مظلوم قوم کیلئے انتہائی تڑپ اور درد رکھتے تھے۔ محمود احمد ساغر نے کہا کہ شہید کی تحریک آزادی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
محمود ساغر نے کہا کہ لاکھوں شہیدوں کی مقدس قربانیوں کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا اور بھارتی سامراج سے آزادی تک جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔ انہوںنے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور انکے لواحقین ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ محمد ریاض کو نامعلوم افراد نے گزشتہ روز راولاکوٹ میں شہید کر دیا تھا