سرینگر : خدمت سنٹر ایسوسی ایشن کے ملازمین کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری
سرینگر16 ستمبر( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ”خدمت سنٹر ایسوسی ایشن جموں و کشمیر“ کے ملازمین کا سری نگر میں احتجاج آج پانچویں روز بھی جاری ہے ۔ ایسوسی ایشن کے سینکڑوں ملازمین جموںوکشمیر بینک حکام سے وعدوں کے مطابق اپنے مسائل کے ازالے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایک احتجاجی ملازم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیربنک نے2009میں خدمت مراکز شروع کیے تھے اور یہ وعدہ کیا تھا کہ تمام خدمات کو ان مراکز سے منسلک کیا جائے گا تاہم 14 سال ہو گئے بنک نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک حکام نے اس حوالے سے کئی بار یقین دہانیاں کروائیں لیکن اب تک کچھ نہیں ہوا۔
ایک دلبرداشتہ ملازم نے رندھی ہوئی آوازمیں کہا اگر وعدے کے مطابق مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ لالچوک میں خود کو جلا ڈالے گا کیونکہ میں اپنی بیٹی کی سکول فیس بھی ادا کرنے سے قاصر ہوں۔
پریس کالونی سری نگر میں ہونے والے اس مظاہرے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) کے رہنما عبدالقیوم بٹ نے میں ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر شرکت کی ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ان ملازمین کو مودی حکومت نے معطل کردیا ہے اور یہ انصاف چاہتے ہیں ۔ انہوںنے حکام پر زور دیا کہ وہ ان ملازمین کے مطالبات پورے کریں تاکہ ان کی مشکلات دور ہوں۔