مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت کانفرنس کا گیلانی کی وفات پراظہار یکجہتی پر پاکستان کا شکریہ

سرینگر 15ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت قائد اور کشمیر کی آزادی کی تحریک کے استعارے سید علی گیلانی کی زیر حراست وفا ت پر علاقے کے غمزدہ لوگوں کے ساتھ یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کرنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے شکریہ کے ایک پیغام میں کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت نے اپنی ظالمانہ فوجی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے محبوب قائد کی آخری مذہبی رسومات اور ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ پیغام میں کہاگہا کہ ہمیں ماتم کرنے اور مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ غمزدہ لوگوں کے جذبات کو طاقت کے بل پر کچل دیا گیا اور یوں ان کی اذیت اور تکلیف کئی گنا بڑھ گئی۔پیغام میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے تاحیات چیئرمین سید علی گیلانی کو پولیس حراست میں قتل کیا گیا اور بھارتی فوجیوں نے ان کی میت کو رات کے اندھیرے میں دفن کرنے کیلئے مذہبی رسومات ادا کیے بغیر غمزدہ خاندان سے چھین لیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ تحریک آزادی کے اس انتہائی نازک موڑ پر پاکستان اور اس کے لوگ مقبوضہ علاقے کے غمزدہ لوگوں کے ساتھ پورے دل و جاں سے کھڑے رہے جس سے ہمیں کافی حد تک انہیں تسلی ہوئی اور ایک فرحت بخش احساس ہوا۔کل جماعتی حریت کانفرنس محکوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی ،انکی حمایت اور ان پر بھارتی مظالم کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرنے پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند لوگوں کی طرف سے ایک بار پھر صدر اور وزیر اعظم پاکستان اور ملک کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button