جموں:بھارتی بی ایس ایف اہلکار کی لاش برآمد
جموں :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار پراسرار طورپرجموں شہر میں مردہ پایا گیا۔گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران جموں شہر میں بھارتی فورسز کایہ دوسرا اہلکارہے جو مردہ پایاگیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی ایس ایف کا ریٹائرڈ اہلکار 44 سالہ سبھاش مراٹرائوجموں شہر کے وویکانند چوک کے قریب واقع ایک ہوٹل میں مردہ حالت میں پایاگیا۔ریٹائربی ایس ایف اہلکار گزشتہ دو دنوں سے ہوٹل میں مقیم تھا۔ پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بی ایس ایف اہلکار کی موت اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار کی لاش کو پولیس نے تحویل میں لیکر مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار کی ناک سے خون بہنے اور منہ میں قے کے نشانات موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار کے بیگ سے بہت سی دوائیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے ۔اس سے قبل اتوار کو سنٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں پراسرار طورپر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔