کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں
سرینگر27اکتوبر (کے ایم ایس ) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے ناقابل تنسیخ ، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بھارتی فوجیوں نے 27 اکتوبر 1947 کوتقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے کشمیری عوام کی امنگوں کے برعکس اس پر غیر قانونی طورپرقبضہ کیاتھا۔
آج مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتا ل ہے ۔ سرینگر میں لالچوک کی طرف احتجاجی مارچ کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے مختلف ملکوں کے دارلحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ہڑتال اور مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور دیگر حریت تنظیموں نے دی ہے۔
یوم سیاہ منانے کا مقصد نریندر مود ی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019سے مقبوضہ علاقے میں مسلط کیے گئے مسلسل فوجی محاصرے کی وجہ سے محکوم کشمیریوں کو درپیش مشکلات کی طرف بھی عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔
حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں کہا کہ 27اکتوبرجموںوکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو متزلزل نہیں کر سکتااور وہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔