نریندر مودی کو منی پور میں قتل عام سے زیادہ اسرائیل حماس تنازعے میں دلچسپی ہے ، راہل گاندھی
نئی دلی :بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو منی پور میں جاری پر تشدد جھڑپوں میں قتل و غارت سے زیادہ اسرائیل میں ہونے والے واقعات کی فکر ہے۔ منی پور رواں سال مئی سے نسلی تنازعے کی زد میں ہے۔
میزورم کے شہر ایزول میں راج بھون کے قریب ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہر کی سڑکوں سے 2کلومیٹر طویل پدا یاترا شروع کرنے کے بعد کہا کہ ہمسایہ ریاست منی پور اب ایک متحد ریاست نہیں ہے بلکہ اسے نسلی بنیادوں پر تقسیم کر دیا گیا ہے۔ راہل گاندھی جنہوں نے انتخابی مرکز میزورم کا دو روزہ دورہ شروع کیاہے ، زور دیکر کہا کہ کانگریس نے 1986 میں امن معاہدے پر دستخط کر کے شورش زدہ شمال مشرقی ریاست میں امن قائم کیا تھا۔انہوں نے حیرانگی ظاہر کی کہ وزیر اعظم مودی اور انکی حکومت کو اسرائیل حماس تنازعہ میں بہت زیادہ دلچسپی ہے لیکن شورش زدہ ریاست منی پور کی صورتحال پر انہوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جہاں بچوں سمیت لوگوں کا قتل عام اورخواتین کی آبرورزیاں جاری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی حکومت بھارت کے اس نظریہ پر حملہ آور ہے جو ایک دوسرے کا احترام کرنے ، رواداری ، دوسرے خیالات، مذاہب اور زبانوں سے سیکھنے پر مبنی تھا ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ملک میں نفرت ، تشدد اورتقسیم پیدا کر رہی ہے ۔میزورم کی 40 رکنی اسمبلی کے انتخابات 7 نومبر کو ہوں گے ۔