مقبوضہ جموں و کشمیر

مسرت عالم کا شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت، 27اکتوبر کوبطور یوم سیاہ منانے کی اپیل

massrat Alam1

نئی دہلی :کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خو د ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے 22 اکتوبر 1993 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں 50 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو اس وقت شہید کیا تھا جب وہ حضرت بل درگاہ سرینگر کے بھارتی فوجی محاصرے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنی سیاسی جدوجہد کو جاری رکھیں۔انہوںنے بھارتی فوجیوںکی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مودی کی جبر وا ستبداد کی پالیسی کی شدید مذمت کی۔
مسرت عالم بٹ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے بیج بہاڑہ قتل عام سمیت بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں رونما ہونے والے اس طرح کے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا اپنامطالبہ دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا اور کشمیریوں کے خلاف گھناو¿نے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا تب تک بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی اور خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہے گی۔مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ 1947 میں کشمیر پر بھارتی حملہ بھارت کی نوآبادیاتی تاریخ کا سب سے خوفناک واقعہ تھا جس نے خطے کو عدم استحکام اور مسلسل تشدد میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر جموںوکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جب بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی جموںوکشمیر پر قبضہ جما لیا۔ انہوںنے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اورمسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button