پاکستان

فلسطینی اور کشمیری اپنے حق خودرادیت سے محروم ہیں، منیر اکرم

اقوام متحدہ:
پاکستان نے کہا ہے کہ کشمیری اور فلسطینی عوام ابھی تک اپنے حق خود ارادیت سے محروم ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ماضی میں نوآبادیاتی تسلط میں رہنے والے بیشتر ممالک کے عوام کو حق خود ارادیت دے دیا گیا لیکن فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگ ابتک اپنے اس ناقابل تنسیخ حق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر کے عوام استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے لیکن بھارت نے طاقت کے استعمال اور دھوکہ دہی کے ذریعے ایسی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا ۔ انہوں نے حق خودارادیت کے حق کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حق اقوام متحدہ کے چارٹر اور دیگر معاہدوں میں درج ایک بنیادی اصول ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ 2019 میں بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی جسے بھارت کے ہندو انتہا پسند رہنمائوں نے مسئلہ کشمیر کا حتمی حل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 4 سال کے دوران اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مجموعی اور منظم خلاف ورزیوں کی مہم شروع کر رکھی ہے جو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور دیگر میکانزم کی طرف سے تشویش کے اظہار کے باوجود بھارت نے عالمی مبصرین کو علاقے کا دورے کرنے سے کو روک دیا ہے اور بعض بڑی طاقتوں کی پشت پناہی کے باعث بھارت کو ا ن اقدامات پر جواب دہی سیاب تک عملًا استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت اسرائیل کی طرح بھارت نے نہ صرف کشمیریوں پر ظلم وجبر میں تیزی لائی ہے بلکہ ان تمام لوگوں خاص طور پر پاکستان کے خلاف بھی جارحانہ رویہ اختیار کیا ہے جو اس سے کشمیریوں کے خلاف جرائم روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت کے رہنما بشمول وزیر دفاع نے پاکستان کو کشمیر میں کنٹرول لائن کے پار جارحیت کی باربار دھمکیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ پاکستانی مندوب کی جانب سے کشمیر پر روشنی ڈالنے کے بعد بھارتی مندوب نے دعویٰ کیا کہ متنازعہ ریاست اس کا اٹوٹ انگ ہے اور رہے گا،جس کے جواب میں پاکستانی مندوب نے زوردے کر کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ،اس کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقہ سے کیا جائے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button