وزیر اعظم شہباز شریف کا تنازعہ کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف کا خیرمقدم
انقرہ یکم جون (کے ایم ایس)
وزیراعظم محمدشہبازشریف نے انقرہ میں ترکی کے وزیر خارجہ میولود چائوش اولو سے ملاقات کی اور تنازعہ کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر انکا شکریہ ادا کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہباز شریف ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں ترک وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان اور کشمیری عوام کی طرف سے کشمیرکاز کے لیے ترکی کی حمایت کو خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے لیے مستقل حمایت کا ذکر کرتے ہوئے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو مزید اجاگر کیا اور قریبی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اورپاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ فریقین نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا۔