فلسطین اور کشمیرمیں مظالم حقوق کے نام نہاد چیمپئنوں کے منہ پر طمانچہ ہیں، خالد مشعل
مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماﺅں سے ملاقات
دوحہ05 نومبر (کے ایم ایس)
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینئر رہنما خالد مشعل نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم دنیا میں انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہیں۔
خالد مشعل نے یہ بات جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ قطر کے دارلحکومت دوحہ میں ملاقات کے دوران کہی ۔ اس موقع پر حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ بھی موجود تھے۔ اسماعیل ہانیہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمانوں پر متحدہ ہونے کیلئے زور دیا۔ انہوںنے کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو جائے اور فلسطینی بھائیوںکی حمایت کیلئے میدان میںنکلے ۔اسرائیلی کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں 7اکتوبر سے اب تک بچوں اور خواتین کی ایک کثیر تعداد سمیت 10ہزار کے لگ بھگ فلسطینی مسلمان شہید ہو چکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کے ہاتھ معصوم فلسطینی بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے شہدا ءکے درجات کی بلندی اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمودسومرو اورمفتی ابرار احمد بھی موجود تھے۔
خالد مشعل نے فلسطین کاز کے لیے فضل الرحمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات قطر روانہ ہوئے تھے۔ وہ ایک ہفتے کے دورے کے دوران ترکیہ بھی جائیں گے اورمسئلہ فلسطین پر مختلف رہنماﺅں سے بات چیت کریں گے۔