مقبوضہ جموں و کشمیر

دنیا مقبوضہ جموں وکشمیرکی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے :شبیر شاہ

Shabbir Shsh

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے۔انہوںنے دیرینہ تنازعہ کشمیرکے فوری اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ عالمی طور پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے اصول کے مطابق تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دینے سے بھارت کے مسلسل انکار سے مقبوضہ علاقے کے لوگ اقوام متحدہ کے چارٹر، جنیوا کنونشن اورا نسانی حقوق کے دیگر بین الاقوامی معاہدوں میں درج آزادی کے ثمرات،پر وقار زندگی اور آزادی کے مکمل فوائد سے محروم ہیں۔حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے کئے گئے وعدوں کے مطابق ان کاحق دینے کے بجائے بھارتی حکمرانوں نے گزشتہ 76 سال میں اپنی فوجی طاقت کا استعمال کرکے حق خودارادیت کے لئے ان کی جائز جدوجہد کو کچلنے کی کوشش کی۔ اس سلسلے میںبھارت نے متنازعہ علاقے میں بڑے پیمانے پر فوجی تعینات کیے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ ظالمانہ قوانین کی آڑ میں قاتل بھارتی فوجی ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں، ٹارگٹ کلنگ، محاصروں ، پرتشددکارروائیوں، جبری گمشدگیوں، عصمت دری اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔شبیر شاہ نے کہا کہ 5اگست 2019سے مقبوضہ جموں وکشمیراس کے باشندوں کے لیے جہنم بنا ہوا ہے۔ کشمیری جس گھٹن کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وہ عالمی ضمیر کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر دنیا کی واحد جگہ ہے جہاں انسان انسانی حقوق کے بغیر رہتے ہیں۔حریت رہنما نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button