پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت سے بھارت کے مسلسل انکار پر اظہار تشویش
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکارپر سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بھارت70سال سے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سے انکار کررہا ہے۔بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ سیاسی مفاد کے لیے رچایاتھا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کی کتاب نہیں پڑھی، اجے بساریہ کے بیان سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ ایک پروفیشنل سفارتکار کی جانب سے ایسا بیان حیران کن ہے، یہ بھارت کی فسطائی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ بالاکوٹ بھارت کے لیے ایک ڈرائونا خواب ثابت ہواہے۔ پاک فضائیہ نے بالاکوٹ میں بھارتی طیارے مار گرائے تھے، بھارت عالمی سطح پر جو اہم ذمے داری چاہتا ہے اس کے لیے وہ بالکل تیار نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے عالمی کرکٹ کپ جیسے آئی سی سی سپانسرڈ ایونٹ کے لیے پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کیے، یہ عمل انتہائی بدقسمتی کا مظہر ہے۔ بھارت کو خاص مواقع پر ویزا دینے سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔