پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد:
پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات اسلام آبادمیں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ 93واں یوم شہدائے کشمیر 13 جولائی بروز ہفتہ کو منایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ دن ان 22 کشمیری شہداء کی یاد مناتا ہے جنہوں نے 1931 میں سرینگر میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم ان کشمیریوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کشمیری عوام کے حقوق و آزادی اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے ایک دلیرانہ تحریک کو جنم دیا، یہ تحریک آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ افواج کی طرز پر بھارتی افواج نے گزشتہ چند دہائیوں میں ہزاروں کشمیریوں کو محض اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے پر قتل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ معروف کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی ان سینکڑوں کشمیری نوجوانوں میں سے ایک ہیں جو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کا شکار ہوچکے ہیں، ان کی آٹھویں برسی 8 جولائی کو منائی گئی۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے ہم بھارتی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف ماورائے عدالت قتل اور طاقت کے اندھا دھند استعمال کی مہم کو بند کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔