مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیداہونے والی بجلی سے بھارتی مستفید ہو رہے ہیں، پی ڈی پی
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے کہا ہے مقبوضہ علاقے میںپیدا ہونے والی بجلی سے مقامی لوگوں کے بجائے بھارتی ریاستوں کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران قابض بھارتی حکام کی جانب سے رتلے پاور پراجیکٹ کو 40 سال کی لیز پر بھارتی ریاست راجستھان کے حوالے کرنے کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بجلی کی دستیابی طلب سے کم ہے اور اس کے باوجود حکام بھارتی ریاستوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرکے یہاں پیدا ہونے والی بجلی انہیں فروخت کر رہے ہیں۔
غلام نبی لون نے بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے پر بھی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو سخت سردی کے اس موسم میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے ۔