مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے علاقے میں انتخابی ڈرامہ رچا رہی ہے، حریت کانفرنس
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے علاقے میں پارلیمانی انتخابات کا ڈرامہ رچارہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریو ں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور اس نے مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نہتے کشمیریوں پر جاری اپنے وحشیانہ مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان اور آزادی پسند کشمیری قیادت پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات لگا رہی ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم کا سامنا ہے اور وہ بے انتہا مصائب و مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ڈھونگ انتخابات کے دوران سیکورٹی کے نام پر مقبوضہ علاقے میں پابندیوں ، محاصروں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری انتخابات کے لیے نہیں بلکہ حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا دنیا بھر کے ہر انصاف پسند فرد کی اخلاقی ذمہ داری ہے، عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کی فریاد سننی چاہیے اور اپنے دوہرے معیارات ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود اردیت دلانے کیلئے کردار اداکرنا چاہیے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔
ترجمان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں شمولیت کا کشمیریوں کا خواب پورا ہو گا۔