میر پور: مہاجرین کے اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
میرپور : مہاجرین مقبوضہ جموں وکشمیر کے نمائندوں نے آزاد جموں وکشمیر کے شہر میر پور میں ایک اجلاس کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںبڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا ا ظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق پیر پنجال موﺅمنٹ کے نائب چیئرمین قاضی عمران، جموںوکشمیر مہاجرین اتحاد فورم کے صدر خواجہ ایاز اور مہاجرین اتحاد فورم ضلع میرپور کے صدر ظہیر جرال کی زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اپنی ریاستی دہشت گردی میں تیزی لائی ہے ۔ اجلاس میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے خطہ پیر پنجال میںجاری آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت ہرگز جمہوری نہیں بلکہ ایک دہشت گرد ملک ہے جس نے نہتے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ اس موقع پر قاضی عمران ، خواجہ ایاز، ظہیر جرال، امتیاز بٹ، اعجاز میر ، مرزاظفر جرال ، ریاض جرال، حافظ طالب حسین اور چودھری محمد شفیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اس مرتبہ بھی بھارتی جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناکے بھارت کو یہ واضح پیغام دیں گے کہ وہ اسکے فوجی آپریشنوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور آزادی کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر مہاجرین جموں کشمیر 1989کی آبادی کاری پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔