مظفرآباد میں بھارت مخالف ریلی
مظفرآباد19 اگست (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند محمد علی حسین کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف آج مظفرآباد میں بھارت مخالف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے محمد علی حسین کو منگل کو کوٹ بھلوال جیل سے جموں کے علاقے ارنیا میں لے جا کر جعلی مقابلے میں شہیدکر دیا تھا۔
انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور برہان وانی چوک سے گھڑی پان چوک تک مارچ کیا۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت اور بھارتی فورسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ محمد علی حسین کا قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی جیلوں میں بند کشمیری نظر بندوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت منصوبہ بند طریقے سے کشمیری قیدیوں کو جیلوں سے نکال کر جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی نظربندوں کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔
مقررین میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے نائب چیئرمین مشتاق الاسلام، پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، ایڈووکیٹ علی رضا، ڈاکٹر محمد منظور، خواجہ ظہیر احمد، عثمان علی ہاشم اور تنظیر اقبال شامل تھے۔