مسئلہ کشمیر کے حل کے مطالبے کے لئے اقوام متحدہ کے سربراہ کے نام 10لاکھ ای میلز کی مہم کا آغاز
اسلام آباد: کشمیری نوجوانوں کی طرف سے شروع کی گئی” کشمیر ای میل مہم ”کے تحت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو تقریبا 10لاکھ ای میلز بھیجی جائیں گی جن میں کشمیری عوام کے لئے حق خودارادیت کا مطالبہ کیاجائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ مہم آج اسلام آباد میں ایک کانفرنس کے دوران شروع کی گئی۔ کانفرنس کا اختتام نوجوان رہنما زاہد صفی کے اس پیغام کے ساتھ ہوا جس میں کشمیریوں کی طرف سے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے دی گئی قربانیوں کو اجاگرکیاگیا۔زاہد صفی نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ70سال سے زائد عرصے سے ہمارے لوگوں نے آزادی کے مقصد کے لیے قربانیاں دی ہیں اور ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم حق خود ارادیت کے ہدف کو حاصل نہیں کر لیتے۔اس اقدام کا مقصد دیرینہ مسئلہ کشمیرکے حل اور کشمیری عوام کی طرف سے آزادی کے حصول کے لئے دی گئی قربانیوں کی طرف توجہ دلاکر بین الاقوامی حمایت حاصل کرنا ہے۔ ای میل مہم کا مقصد اقوام متحدہ کی توجہ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی خواہش کی طرف دلانا بھی ہے۔