APHC-AJK

پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کوبے نقاب کیاہے

 

Imtiyaz Wani (2)اسلام آباد24ستمبر(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوجیوں  کے مظالم اورمسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپورانداز میں اجاگر کرنے پر پاکستانی حکومت اور وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیاہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کوبے نقاب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگل کا قانون اپنا رکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ اقوام متحدہ کے ادارے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم پر فوری کاروائی کریں۔ امتیاز وانی کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں عالمی قوانین و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرانے کا اپنا فریضہ پوراکرے۔ انہوں نے کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے ارکان کوبھی سراہا جنہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف اپنی آواز بلند کی۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ اداکیا۔امتیاز وانی نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے اور علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور کالے قوانین کے تحت غیر قانونی نظربندیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے مسئلہ کشمیر کو متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپناکردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button