دنیا کے 50آلودہ ترین شہروں میں سے 42کا تعلق بھارت سے ہے: رپورٹ
گولڈچ ،سوئٹزرلینڈ: سوئس تنظیم” IQAir”کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہواکے گرتے ہوئے معیار کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے دوران نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین دارالحکومت کے طور پر سامنے آیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق”ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ 2023”کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی کی پی ایم 2.5 کی سطح 2022 میں 89.1مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر سے بڑھ کر 2023میں 92.7مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر تک پہنچ گئی۔ بھارتی دارالحکومت مسلسل چوتھی بار دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت رہاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی ریاست بہار کا بیگوسرائے دنیا کا آلودہ ترین میٹروپولیٹن علاقہ بن کر ابھراہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت 2023میں 134ممالک میں تیسرا آلودہ ترین ملک رہا جہاں پی ایم 2.5 کی اوسط سطح 54.4مائیکروگرام فی کیوبک میٹر رہی۔ آلودہ ترین شہروں کی عالمی فہرست میں بھی سب سے زیادہ شہربھارت کے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 50آلودہ ترین شہروں میں سے 42کا تعلق بھارت سے ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آلودگی کی سطح میں یہ اضافہ ملک میں رہنے والے تقریباً ایک ارب 36کروڑ لوگوں کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔