کشمیری عوام بی جے پی اور آر ایس ایس کے آلہ کاروں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے: فاروق عبداللہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بی جے پی اورآرایس ایس کے آلہ کاروں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ہفتے کے روز سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں اوراس کے لوگ جموں وکشمیر کے عوام کو نہ صرف محتاج بنانے پر تلے ہیں بلکہ دھونس و دبا ئواور تقسیم کی پالیسی کے ذریعے یہاں کی مذہبی ہم آہنگی، رواداری اورمنفردشناخت کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے مذموم منصوبوں کو پورا کرنے کیلئے ان لوگوں نے جموں و کشمیر میں اپنے آلہ کاروں کو کام پر لگا رکھا ہے اور طاقت اورپیسے کے بل بوتے پر اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو بالغ نظری اوردانشمندی سے کام لیکر قوم دشمنوں اور ضمیر فروشوں کو مسترد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ان کے آلہ کار کشمیریوں کو مذہبی، علاقائی، لسانی یہاں تک کہ مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ دشمن کو زیر کرنے کیلئے ہمیں ایک ساتھ مل کر لڑنا ہوگا۔ہمیں بی جے پی اور آر ایس ایس کے آلہ کاروں کو متحد ہوکر ایسی شکست دینی ہے کہ یہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائیں اور ہم یہاں کے عوام کے حقوق کیلئے لڑ سکیں۔انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے بی جے پی اور آیس ایس ایس کوجموں وکشمیر میں راہداری فراہم کی، انہیں یہاں کے عوام کبھی نہیں بخشیںگے۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں بی جے پی کے آلہ کار کے طورپر کام کررہی ہیں، ان جماعتوں کی اب کوئی ساکھ نہیں رہی کیونکہ ان جماعتوں کی بنیاد جھوٹ اور فریب پر مبنی ہے۔ ان جماعتوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہئے کیونکہ کشمیری قوم بی جے پی اور آر ایس ایس کے دوستوں کو کبھی تسلیم نہیں کریگی ۔