مودی حکومت کشمیریوں سے انکا سب کچھ چھیننے پر تلی ہوئی ہے، محبوبہ مفتی
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جمو وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے ا سلام آبادراجوری حلقے میں انتخابات دانستہ طور پر تاخیر کا شکار کر دیے ہیں تاکہ ووٹروں کو ڈرا دھمکا کر بی جے پی کے اتحادیوں کے حق میں کیا جاسکے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع راجوری کے علاقے منیال گلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں سے انکا سب کچھ چھیننے پر تلی ہوئی ہے ، کشمیریوں کے وسائل پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ استحصال اور ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے چلینجوں کا سامنا ہے ، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ووٹ کی طاقت سے بی جے پی کے کشمیردشمن عزائم کو ناکام بنائیں۔