عالمی برادری کی توجہ تنازعہ کشمیر کی طرف مبذول کرانے کے لیے 5 جنوری کو ریلیاں نکالی جائیں گی : پاسبان حریت
مظفر آباد28 دسمبر (کے ایم ایس) پاسبان حریت جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ 5 جنوری کا دن کشمیری عوام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 1949ءمیں اسی دن اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ میں سب سے پرانے حل طلب تنازعہ کشمیر کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے5جنوری کو ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن طریقے سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن دارالحکومت مظفرآباد، وادی جہلم،وادی نیلم اور آزاد جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔عزیر غزالی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے، مقبو ضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل، رہائشی مکانات کو نذر آتش کئے جانے اور نہتے شہریوں کی گرفتاریوں کے خلاف جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف لوگ احتجاج کریں گے۔پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کے تمام خطوں کو بھارت کے خلاف مزاحمتی تحریک میں شامل ہو کر آواز اٹھانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔