یوسف نقاش کی طرف سے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
سرینگر16نومبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نظربندوں کو جیلوں میں تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نظربندوں کو اپنے پیاروں سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں ہے۔ ہندوتوا سوچ کے حامل بھارتی حکمران کشمیری نظربندوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں بدترین ذہنی اور جسمانی اذیتوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔یوسف نقاش نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ اس کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری کبھی بھی اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب نہ صرف کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کریں گے بلکہ بھارت بھی ٹکرے ٹکرے ہوجائے گا۔محمد یوسف نقاش نے لداخ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت اور اس کے مذموم عزائم کے خلاف ہر ممکن مزاحمت کریں ۔