مقبوضہ جموں و کشمیر

میر واعظ مولوی محمد فاروق،عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت

Mirwaiz Molvi Muhammed Farooq and Khawaja Abdul Ghani Lone

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز حریت رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ مولوی محمد فاروق کو نامعلوم مسلح افراد نے21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مارکر شہیدکر دیا تھا، اسی روز بھارتی فوجیوں نے حول سرینگر میں ان کے جلوس جنازہ پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70سے زائد نہتے شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔بارہ سال بعد 21مئی 2002کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا جب وہ سرینگر کے مزارشہدا ء میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جارہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور تحریک آزادی کے دیگر شہدا ء کشمیری عوام کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے اپنے شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔حریت رہنمائوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور سیاسی قیدیوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ، بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے کشمیریوں کی جانیں بچائیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد سلطان بٹ، الطاف احمد بٹ اور عزیر غزالی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ ان رہنمائوں کی شہادت کے بعد کئی ممتاز علمائے دین، دانشوروں، انسانی حقوق کے کارکنوں، ماہرین تعلیم اور سماجی کارکنوں کوبھی شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری تحریک آزادی کو قیادت سے محروم کرنے کے لیے آزادی پسند رہنمائوں کوشہید کر رہا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button