مستحکم پاکستان بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی کاضامن ہے: صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد 08 فروری (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہر پہلو سے ایک مستحکم پاکستان ہی بھارت کے ناجائز قبضے سے کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے قومی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگلے ماہ یہاں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور اور موثر انداز میں اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔ ہندوتوا کی وجہ سے بھارت پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حق خود ارادیت کے لیے جاری عوامی جدوجہد کو دبانے اور مقبوضہ علاقے میں مسلم آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے گھناو¿نے اقدامات کیے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہاکہ بھارت نے حریت کانفرنس کی پوری قیادت کو مقبوضہ علاقے میں قید کر رکھا ہے اور بدقسمتی سے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی کو بھارت کی حراست میں شہید کر دیا گیا۔