بھارتی فوجی جرنیل اپنے سفید جھوٹ سے کشمیری عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے: کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 17 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے حریت پسند کشمیری عوام کے درمیان انتشار اور اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنرل بپن راوت نے حال ہی میں نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیری عوام انہیں مزاحمتی تحریک سے وابستہ لوگوں کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں اوروہ ایسے افراد کو تشدد کرکے قتل کر یں گے۔ترجمان نے جنرل راوت کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی حکام کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حق خودارادیت کے جائز مقصد کے لیے ایک پرامن اور جمہوری جدوجہد میں مصروف حریت پسند کشمیری عوام جن کی پوری قیادت جیلوں میں نظر بند ہے،کے ہاتھوںشرمناک شکست کے بعد بھارتی فوجی جنرل نازیوں کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا بیان بھارتی فوجی جنرل کی کشمیر دشمن ذہنیت کو واضح کرتا ہے اور اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں”تقسیم کرو اور حکومت کرو“کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کو دبانے میں ناکام ہونے کے بعد اس طرح کے نفرت انگیز اور کشمیر دشمن بیانات جاری کر کے کشمیریوں میں انتشار اور اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی جنرل کو یاد دلایا کہ ہر کشمیری جدوجہد آزادی کے پیچھے چٹان کی طرح مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی جبر یا اس کا کوئی بھی مذموم منصوبہ انہیں بھارتی غلامی سے آزادی کے لئے جدوجہد سے روک نہیں سکتا۔ترجمان نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک جعلی مقابلے میں چار معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس کے حکام اپنی بوکھلاہٹ کو چھپا نہیں سکتے کیونکہ انہوں نے دن دہاڑے عوام کی نظروں کے سامنے شہید کئے گئے معصوم شہریوں کو عسکریت پسند قراردینے کے لیے متضاد بیانات جاری کئے۔حریت ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں میں شہریوں کی شہادتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حریت پسند کشمیری عوام ماضی قریب میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے شوپیاں، لاوے پورہ، سولینہ، بمنہ، کولگام، بانڈی پورہ اور اب حیدر پورہ میں رچائے گئے جعلی مقابلوں کے ڈراموں کے عینی گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارتی فوجی جرنیلوں کے سفید جھوٹ سے گمراہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے مکمل آزادی کے اپنے مقدس مقصد کو جاری رکھنے سے روکا جا سکتا ہے۔