بھارتی مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا یانہیں جاسکتا: کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں، غیر قانونی گرفتاریوں، جائیدادوںکی ضبطی ، کشمیری ملازمین کی برطرفی اور دیگر مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا یانہیں جاسکتا اور وہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں جائیدادوں کی ضبطی اور کشمیری ملازمین کی برطرفی سمیت بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے چوٹہ بازار قتل عام کے شہدا ء کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارتی فوجیوں نے 11جون 1991کو سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں بے گناہ اور نہتے دکانداروں، راہگیروں، خواتین اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے درجنوں بے گناہ شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری شہدا ء کے مقدس مشن کو ہرصورت میں پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے سرینگر میں ایک غیر کشمیری ہندوتوا طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖکے خلاف توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور اقوام متحدہ کو ایسے شرپسندوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ وہ آئندہ ایسے بیانات دینے کی جرات نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو بھارت کی غیر قانونی اور فوجی کارروائی کے بعد کشمیریوں کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔