مقبوضہ جموں وکشمیر: قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف مظاہرے
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین کرنا ہ کے مرکزی بازار میں جمع ہوئے اور بجلی کے ماہانہ نرخوں میں اضافے کے خلاف تحصیل ہیڈ کوارٹر کی طرف مارچ کیا۔
مظاہرین نے کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے ماہانہ بجلی کے نرخوں میں دو گنا اضافے کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ اضافی فیس ادا کرنے کے متحمل نہیں ہیں، ہمارے بجلی کے نرخ دوگنا کر دیے گئے ہیں جس کی ادائیگی ہمارے لیے ناممکن ہے ۔احتجاج میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔
دریں اثنا جموںخطے میں ضلع ادھمپور کے گاﺅ ںرام نگر ، دھریلا، باری اور زون کلونت تحصیل کے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ علاقے میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کیوجہ سے سکول کے طلباءکو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
کانگڑی اور بیری پٹن علاقوں میں بھی پانی کے بحران کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر پانی کا انکا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ پونچھ جموں شاہراہ بند کر دیں گے۔