برطانیہ :انتخابی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر توجہ کا مرکز بنا رہا
لندن: برطانیہ میںآج پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر نے خاصی توجہ حاصل کی ہے، مختلف جماعتوں کے امیدواروں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا عہد کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کشمیرکے رکن مارکو لونگھی نے کشمیر کاز سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں کشمیر کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوںنے اپنے حلقے کے لوگوں کے نام ایک خط میں ان پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز اٹھائیں۔
دریں اثنا تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کشمیرکا ز کی حمایت جاری رکھنے پر لونگھی اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس حوالے سے ہندو توا کے حامی لوگوں کی تنقید یکسر مسترد کر دی ہے۔ انہوںنے تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر کشمیریوں کے حامی امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔ برطانیہ میں عام انتخابات آج( 4 جولائی) ہونے جا رہے ہیں ۔ انتخابات میں پاکستانی و کشمیری بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔