سرینگر:احسن اونتو کا شہریوں کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر 20 نومبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے حیدر پورہ جعلی مقابلے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے شہریوں الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کی میتیں ان کے اہلخانہ کو واپس کرنے کے انتظامیہ کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میتوں کی تدفین کشمیریوںکا آئینی حق ہے اور ان کی واپسی کو احسان کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے ایک اور نوجوان عامراحمد ماگرے کی میت بھی ان کے اہل خانہ کو واپس کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظفر شیخ، جنید صحرائی، ساتویں جماعت کے طالب علم محسن اکمل، اعجاز مقبول، زبیر احمد لون، عرفان احمد، اطہر مشتاق وان اور دیگر شہداءکی میتیں بھی باوقار تدفین کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کی جائیں۔ انہوں نے شہریوں کے قتل کی مکمل تحقیقات اور غمزدہ لواحقین کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔