سرینگر: محبوبہ مفتی کا ستیہ پال ملک کے نام 10کروڑ روپے کا ہتک عزت نوٹس
سرینگر 23اکتوبر ( کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے مبینہ روشنی سکینڈل میں اپنا نام لیے جانے پر مقبوضہ علاقے کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ستیہ پال ملک جو اس وقت بھارتی ریاست میگھالیہ کے گورنر ہیں نے اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔محبوبہ مفتی نے 20اکتوبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں بیان واپس نہ لینے کی صورت میں ستیہ پال ملک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔محبوبہ مفتی نے اپنے نوٹس میں مقبوضہ علاقے کے سابق گورنر سے کہا ہے کہ وہ تیس دونوں کے اندر بطور معاوضہ دس کروڑ روپے ادا یا پھر قانونی کاروائی کا سامنا کریں۔محبوبہ مفتی نے یہ نوٹس مقبوضہ علاقے کی ہائیکورٹ کی جموں ونگ کے سینئر وکیل انیل سیٹھی کے ذریعے ستیہ پال ملک کو بھجوایا ہے۔