بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے،ماس موومنٹ
سرینگر08اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے کہاہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں خوف و ہشت کاماحول قائم کر رکھا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات شبیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ ظلم و تشدد ، قتل عام اور گرفتاریوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے غیور عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی قابض فورسز نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے اورروزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیریوں کا خون بہایہ جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کی ہوئی ہے اور بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جو ہر صورت انہیں مل کر رہے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی ظلم و تشددسے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کومزید جلاملی ہے۔ شبیر احمد نے کہاکہ بھارت کویہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ وہ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو ہر گز کمزور نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔سیکریٹری اطلاعات نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا سخت نوٹس لیں اور ان پر بھارت کو جواب دہ بنائیں ۔