APHC-AJK

اسلام آباد :مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر کی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں سے ملاقات

1000303300

اسلام آباد:
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے صدر شاہ غلام قادر نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور حریت کنوینر غلام محمد صفی و دیگر قیادت سے ملاقات کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کے دوران شاہ غلام قادر نے ممتاز کشمیری حریت رہنما غلام نبی نوشہری کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کی۔اس موقع پر انہوں نے کشمیری حریت قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت،مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی املاک اور جائیدادوں پر قبضے اور سرکاری ملازمیں کو انکی ملازمتوں سے برطرفی کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب تک بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت نہیں دیتاہے۔پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر اس مسئلہ کو اٹھاتا رہے گا۔ ملاقات میں شاہ غلام قادر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شہید برھان وانی کی برسی کے موقع پر کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ھونے والی احتجاجی ریلیوں اور مظاہرے میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سابق کنوینر محمود احمد ساغر ، جنرل سکریٹری پرویز احمد،سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین ،امتیاز وانی،زاھد صفی ،چوہدری شاہین ،محمد مظفر اور منظور احمد ڈار بھی موجود تھے۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیراہتمام منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں حریت رہنما انجینئر مرزا مشتاق محمود کے ماموں اور لبریشن سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر آفسر خان آفسر کی ہمشیرہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاگیا۔ حریت کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت تقریب میں مرحومین کی بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر عظیم کی دعا کی گئی ۔ تقریب میں حریت رہنمائوں ایڈوکیٹ پرویز احمد،مشتاق احمد بٹ ,شیخ عبدالمتین، شیخ یعقوب ،امتیاز وانی، حسن البنا،زاھد صفی ،زاہد مشتاق حسین، مظفر احمد،محمد شفیع ڈارا ور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button