اسلام آبادمیں منعقدہ سیمینار کے مقررین کا شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ اورکشمیر لبریشن سیل نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما شیخ عبدالعزیز کوان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک سمینار کا انعقاد کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنماچوہدری یاسین مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار کے مقررین نے کہا کہ شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی جدوجہد اور قربانیاں جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک درخشندہ اور ناقابل فراموش باب ہیں۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبدالعزیز ایک انتہائی مخلص اور بیباک رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی جموں و کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے اپنے خاندان سمیت بہت صعوبتیں برداشت کیں اوربھارتی عقوبت خانوں اور جیلوں کی سختیوں کا صبرواستقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔مقررین نے کہا کہ شہید رہنما کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایاجائے۔ مقررین نے کہا کہ دفعہ370 کی منسوخی کا بنیادی مقصد جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناہے۔ مقررین نے بھارت پر زوردیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کی متنا زعہ حیثیت کو تسلیم کرے، اقوام عالم اور کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے اور مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کو منسوخ، سیاسی قیدیوں کو رہا اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خود ارادیت دے۔سیمینار میں دیگرلوگوں کے علاوہ آزاد جموں وکشمیرمیں حزب اختلاف کے رہنماخواجہ فاروق، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی،آزادکشمیر کے وزیر سردار جاوید ایوب ،مسلم لیگ آزادکشمیر کے نائب صدرڈاکٹر نجیب،کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ کے سابق کنونیر محمود احمد ساغر،جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد،سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی ، محمد حسین خطیب ، محمد رفیق ڈار،،اعجاز رحمانی،شیخ عبدالمتین، راجہ خادم حسین ، حسن البنائ، امتیاز وانی، حاجی محمد سلطان ، زاہد اشرف،زاہد صفی،زاہد مجتبیٰ، انجینئر مشتاق محمود،شیخ ماجد ، اشرف ڈار ،سید گلشن،عدیل مشتاق ،خان افسر خان،نجیب اللہ غفور، رئیس میر، عبدالحمید لون، ثناء اللہ ڈار، عبدالمجید میر، ملک غلام حسن،خورشید میر،ملک اسلم،بشیر عثمانی،عطاء اللہ،،عبدالرشید، عتیق الرسول، شہزادہ افسر خان، سردار عاصم اورابوزر سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔