بھارتی پولیس نے کٹھوعہ سے8کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا
جموں:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع کٹھوعہ سے8کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کی راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورسز اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقوں امبے نال، بھدو، جوتھانہ، سوفین اور کٹل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 8کشمیریوں کو گرفتار کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایاہے کہ 50سے زیادہ مقامی کشمیریوں سے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط اور انہیں خوراک، پناہ گاہ یا مواصلاتی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔بھارتی پولیس نے گرفتار کئے گئے نوجوانوں کومجاہد تنظیموںکا کارکن قرار دیا ہے جو بھارتی تسلط سے جموں و کشمیر کی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد، کٹھوعہ، کشتواڑ ڈوڈہ، ادھمپور اور دیگر قصبوں، دیہات اور اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔