مقبوضہ جموں وکشمیرکی مسلم شناخت مسلسل حملوں کی زد میں ہے
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارت کی ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت پر منظم انداز میں حملے کررہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حکمران جماعت بی جے پی مسلمانوں کو بے اختیار کرنے، ان کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو مٹانے اور مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات اور پالیسیوں کا حوالہ دیاجو جموں و کشمیر کی اسلامی تہذیب کو مٹانے کے لیے تشکیل دی گئی ہیں۔ ان میں ثقافتی پروگراموں اور پالیسیوں کے ذریعے ہندوتوا کا فروغ، مذہبی مقامات پر قبضہ اور روزمرہ کی زندگی میں ہندو علامتوں اور روایات کا زبردستی استعمال شامل ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ثقافتی تسلط اور مذہبی جبر کی پالیسیوں کو روکنے کے لیے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے۔