کشمیرکونسل ای یوکا 27اکتوبرکوبرسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان
برسلز: کشمیر کونسل یورپ نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف 27اکتوبرکو یوم سیاہ کے موقع پر بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیریوں، پاکستانیوں ،ان کے ہمدردوں اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔مظاہرے کے انتظامات کے لیے کشمیرکونسل ای یو کے ساتھ دیگر کشمیری تنظیمیں بھی تعاون کررہی ہیں۔ علی رضاسید نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں و کشمیر کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے اس غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے خلاف جارحانہ و ظالمانہ رویے پر خاموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم احتجاج کرکے عالمی برادری سے کہنا چاہتا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے۔انہوں نے کہا ہم بھارتی حکومت کوبھی یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادانہ ماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس سے کہناپڑتاہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبارہاہے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بے گناہ لوگوں کوقتل کررہاہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم و ستم، تشدد اورخوف و ہراس روز کا معمول ہے۔انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم بند کرے، علاقے سے بلاتاخیر اپنی فوجیں نکالے اور کشمیریوں کوایک آزاد ماحول فراہم کرے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زوردیا کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کا پرامن تلاش کرے جو کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔