کشمیر کونسل یورپ کا 27اکتوبر کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان
برسلز: کشمیر کونسل یورپ نے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف27اکتوبرکو بیلجم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے اس غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے خلاف اس کے جارحانہ و ظالمانہ رویے پر خاموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ مظاہر ہ کرکے عالمی برادری سے کہنا چاہتا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کرکے جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت کو بھی یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ ایک آزادماحول میں کرناچاہتی ہے۔ افسوس سے کہناپڑتاہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبارہاہے اور اپنا ناجائز اور غیرقانونی قبضہ جاری رکھنے کے لیے مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کوقتل کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ہمارے بھائی اور بہنیں ایک طویل عرصے سے بھارتی ظلم و ستم کا شکارہیں اوربھارت کے ریاستی ادارے انہیں روزانہ کی بنیادوں پر کچلنے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی آئین کے تحت مقبوضہ علاقے میں انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرپر اپنا قبضہ ختم کرے اور علاقے سے اپنی فوج واپس بلائے تاکہ عالمی برادری کے زیر نگرانی ایک آزاد ماحول میں کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے تاکہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرسکیں۔واضح رہے بھارت نے 27اکتوبر1947ء کو اپنی فوجیں جموں وکشمیر میں اتارکر علاقے پر غیرقانونی قبضہ کیا تھا۔