پاکستان

حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں : وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 77سال قبل آج کے دن بھارت نے سرینگر پر اپنی افواج اتاریں اور جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا، کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ بلاشبہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے گزشتہ 77 سال میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ تاہم اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کا ان کا عزم اب بھی اتنا ہی پختہ ہے جتنا کہ 1947میں تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں آج کے دن کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بلاشبہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارت 5اگست 2019سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے۔آج کشمیری عوام اپنی روزمرہ کی زندگی اور معاش پر سخت ترین اور تکلیف دہ پابندیاں برداشت کر رہے ہیں۔ سیاسی قیدیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں ۔تاہم یہ جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتے۔جیسا کہ میں نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایک بار پھر یہ واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا قیام اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حتمی حل تک ان کی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button