قومی اسمبلی میں 78ویں یوم آزادی پر متفقہ قرارداد منظور
ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ
اسلام آباد:
قومی اسمبلی نے ایک متفقہ قرارداد میں قوم کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا ہے جبکہ معرکہ حق کے دوران بھارت کی بلااشتعال فوجی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کامیابی کو سراہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قرارداد پیش کی ۔قرارداد میں کہاگیاہے کہ یہ ایوان بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور قوم کے دیگر بانیان کی قیادت میں تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہتا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے جن کی قربانیوں کے نتیجہ میں 14اگست 1947 کو ایک آزاد اور خود مختار مملکت پاکستان وجود میں آئی۔
قرارداد میں مسلح افواج، سویلین ہیروز سمیت ایسے تمام افراد جنہوں نے عزم اور قربانیوں سے قوم کا تحفظ اور استحکام یقینی بنایا ان کے عزم، حوصلے، کردار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا ہے۔ قرارداد میں پاکستان کے عوام کی حب الوطنی، اتحاد اور استقامت کو سراہا گیا ہے جو مشکل وقت میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ رہے۔قرارداد میں قوم کی عزت، وقار اور آزادی کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد میں پاکستان کے امن، استحکام اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات جو برابری، باہمی احترام اور عدم مداخلت کے اصولوں پر مبنی ہوں، کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنی خود مختاری کے دفاع کا بھی غیرمتزلزل عزم کیا گیا ہے۔ قرارداد میں تمام شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قربانی، نظم و ضبط اور قومی فخر کے جذبہ کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی، اتحاد اور ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں۔






