انڈیا بلاک کا 7 اکتوبر کو جموں میں ’جمہوریت بچاو‘ ریلی منعقد کرنے کا اعلان
جموں: انڈیا بلاک میں شامل جماعتوں کے رہنماوں نے 7 اکتوبر کو جموں میں مشترکہ طورپر ’جمہوریت بچاو‘ ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ریلی میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت بھر میں انتخابی عمل میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری پربھارتی چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
ریلی کا اعلان جموں میں کانگریس کے صدر دفتر میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں کانگریس، نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ،پینتھرس پارٹی اور انڈیا بلاک کے سینئر رہنماوں نے شرکت کی۔ کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر رمن بھلا، کانگریس کے چیف ترجمان رویندر شرما، رتن لال گپتا، پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری راجندر سنگھ منہاس اور پینتھرس پارٹی کے رہنما گگن پرتاپ سنگھ سمیت رہنماوں نے کہا کہ 4 سے 8 اکتوبر کے درمیان مختلف اضلاع میں احتجاجی مارچ بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان مظاہروں میں بی جے پی کی ’ووٹ چوری‘ کو اجاگر کیا جائے گا اور انتخابی عمل کی ساکھ کے حوالے سے خدشات اٹھائے جائیں گے۔
اس سے قبل انڈیا بلاک کے سینئر رہنماوں کے اجلاس میں مختلف اضلاع میں احتجاجی پروگرام کے شیڈول پر تبادلہ خیال کیا گیا جو 30 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والے انڈیا بلاک کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق تھا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ بھارت میں جمہوریت خطرے میں ہے، جس کی نشاندہی لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور پوری اپوزیشن بھی کر چکی ہے۔
رمن بھلا نے کہا کہ غیر قانونی اور من مانی ایس آئی آر کے ذریعے 13 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں، جس سے حقیقی اور اہل شہری اپنے قیمتی حقِ رائے دہی سے محروم ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد اس بات پر قائل ہے کہ بی جے پی حکومت ملک میں بڑے پیمانے پر ووٹ چوری اور انتخابی نظام و جمہوریت پر قبضے میں ملوث ہے۔






