مقبوضہ جموں وکشمیر:جموں کی جیل میں کشمیری قیدی کی پراسرار موت
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں خطے کی ایک جیل میں ایک کشمیری قیدی کی پراسرار حالات میں موت واقع ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شاہد احمد نامی یہ قیدی جموں کی کوٹ بھلوال جیل کی ایک بیرک میں پراسرار حالات میں جاں بحق ہوا۔شاہد کو کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں بھارتی فورسز نے گرفتارکیا تھا۔واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
تاہم یہ واقعہ بھارتی جیلوں اور تفتیشی مراکز میں کشمیری قیدیوں کی پراسرار حالات میں ہونے والی مسلسل اموات کو اجاگر کرتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور متاثرہ افراد کے اہل خانہ کا کہناہے کہ ایسی اموات شدید ذہنی و جسمانی تشدد، طبی غفلت اور دورانِ حراست غیر انسانی حالات کے باعث ہوتی ہیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں اور قیدیوں کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران بھارتی حراست میں درجنوں کشمیری قیدی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جس سے مقبوضہ علاقے میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھارت کے سلوک پر سنگین خدشات پیدا ہوئے ہیں۔







