اقوام متحدہ میں علاقائی اور عالمی امن کیلئے پاکستان کی پیش کی گئی قراردادیں منظور
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی نے تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی چار قراردادوں کی منظوری دی ہے جن کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان قراردادوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامت کے مقصدکے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ قراردادیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق فرسٹ کمیٹی نے منظور کی ہیں ، جن میں سے تین قراردادوں کو رکن ممالک کی جانب سے اس کے باوجود زبردست حمایت حاصل ہوئی کہ عالمی سطح پر جوہری اسلحہ کے عدم پھیلا ئواور اس میں تخفیف کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا ہے۔توقع ہے کہ ان قرار دادوں کے مسودوں کو توثیق کیلئے آئندہ ماہ جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔قراردادیں علاقائی سطح پر تخفیف اسلحہ، علاقائی اور ذیلی علاقائی سطحوں پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کے ساتھ ساتھ علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق ہیں۔علاقائی تخفیف اسلحہ اور علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات کے عنوان سے قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کا کنٹرول کے عنوان سے قرارداد کے متن کے حق میں 179 ووٹ اور مخالفت میں صرف ایک ووٹ پڑا جو بھارت کا تھا۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے قرار دادوں پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کیلئے ہتھیاروں کی دوڑ جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ پاکستان پاکستان اپنی کم سے کم دفاعی صلاحیت برقراررکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔