شورش زدہ منی پور کے ضلع جیری بام میں کرفیو نافذ
امپھال:بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کے ضلع جیری بام میں گزشتہ روز بھاریت سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں کی طرف سے مسیحی کوکی برادری کے 10افراد کے قتل کے بعد ضلع میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کر دیاگیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف اہلکاروں کی طرف سے جاکورادھور گائوں میںکوکی برادری کے افراد کے قتل کے خلاف لوگوں میں بڑے پیمانے پر غم وغصہ پایاجاتاہے ۔ کوکی زو کونسل اور دیگر قبائلی تنظیموں نے مقامی رضاکاروں کے جعلی مقابلوں میں قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ کوکی زو کونسل نے دعویٰ کیا ہے کہ برادری کے 11ارکان کو سی آر پی ایف اہلکاروں نے ہلاک کر دیا ہے۔ اس کے جواب میں قبائلی گروپ نے پورے منی پور میں صبح 5بجے سے شام 6بجے تک مکمل ہڑتال کا اعلان کیاہے۔قبائلی گروپوں نے پولیس کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ مقتول کوکی برادری کے لوگ حملہ آور تھے۔مقامی لوگوں نے پانچ دیگر افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع دی ہے ، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں دوران حراست قتل کردیاگیا ہے ۔