بھارتی فوجی چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں اورخوف ودہشت کا نشانہ بنارہے ہیں
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکار مختلف علاقوں میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں اور انہیں خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کے علاوہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی دارے این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے سرینگر، کپواڑہ، ہندواڑہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن،بیروہ، کنگن، بانڈی پورہ، سوناواری، حاجن، ترال، بجبہاڑہ، کوکرناگ، یاری پورہ، شوپیاں، کشتواڑ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ کے مختلف علاقوں میں نام نہاد کارروائیوں اورگھروں پر چھاپوں کے دوران مکینوں کو ہراساں اور گھر یلوں سامان اورقیمتی اشیاء کی لوٹ مار کرتے ہیں ۔کشمیری صحافیوںکو مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال دنیا کے سامنے لانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے بلکہ قابض انتظامیہ انہیں جموں وکشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کی جھوٹی اور من گھڑت خبریںدنیا کے سامنے پیش کرنے پر مجبور کرتی ہے۔سرکاری پالیسی پر عمل نہ کرنے پربھارتی فوج اور پولیس صحافیوں کوباربار فوجی کیمپوں اور تھانوں میں طلب کرتی ہے۔کشمیریوں کو بھارتی فوج اور پولیس کے مخبر بننے اورمقبوضہ علاقے میں ہندوتوا بی جے پی اورآر ایس ایس کے ایجنڈے کی حمایت کرنے پر مجبور کیا جا تا ہے۔