گوتم اڈانی اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان
نیویارک:بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی اور دیگر سات افراد کےخلاف امریکہ میں دیوانی اور فوجداری مقدمات کے بعد نیویارک کے ایک معروف اٹارنی نے کہا ہے کہ اس معاملے کے آگے بڑھنے کے بہت امکانات ہیں اور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو سکتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے چند روز قبل کہاتھا کہ گوتم اڈانی ، ساگر اڈانی اور دیگر نے مہنگی شمسی توانائی خریدنے کیلئے اندھرا پردیش او اوڈیسہ کی ریاستی حکومتوں کے سرکاری عہدیداروںکو بھاری رشوت دی ۔ امریکی اٹارنی بریون پیس کا کہنا تھاکہ اڈانی اور دیگر نے رشوت دینے کی ایک بڑی سکیم چلائی،انہوںنے اس سکیم کے حوالے سے جھوٹ بولا اور امریکی سرمایہ کاروں سے سرمایہ اکٹھا کرنا چاہا،یہ لوگ آئندہ بیس برس میں 2بلین امریکی ڈالر کا نفع کمانے والے تھے۔
بھارتی نژاد امریکی اٹارنی روی بترا نے ایک خبر رساں ادارے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اٹارنی بریون پیس کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اڈانی اور دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری اور اسکی تعمیل کرائیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیاں مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ ہونے کی صورت میںاڈانی اور دیگر کو امریکہ لایا جاسکتا ہے۔