شاہد آفریدی کا بھارت کے پاکستان نہ آنے پر پاکستانی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا مطالبہ
اسلام آباد:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پی سی بی کو مشورہ دیا ہے کہ بھارت کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم کو بھی بھارت نہ بھیجاجائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شاہد آفریدی نے کراچی آرٹس کونسل میں اردو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے حوالے سے مضبوط موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بالخصوص چیمپئنز ٹرافی جیسے آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے مضبوط فیصلے کرنے کے لیے خود انحصاری اختیار کرنا ہوگی۔پاکستان کرکٹ کو مضبوط اور خود کفیل ہونا چاہیے اور اصولی فیصلے کرنے چاہئیں۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیل سکتا تو ہمارے پاس بھارت میں جاکر کوئی بھی ایونٹ کھیلنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے اور اس کے بجائے ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل میں کھیلنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے میچز غیر جانبدار مقام پر کھیل سکے۔آفریدی نے کہا کہ جب بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے حتمی شیڈول اور مقامات کے اعلان میں کافی تاخیر ہوئی ، تو پی سی بی نے درست موقف اختیار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی سی کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا اس کی ذمہ داری یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر رکن ملک کرکٹ کھیل سکے یا وہ صرف پیسہ کمانا چاہتا ہے۔